تازہ ترینتحریکخبریں

وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم جمع کرادی گئی

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے جس پر 14 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے، جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین کے دستخط موجود ہیں جو سابق وزیراعلیٰ جام کمال، سردار یار محمد رند اور ظہور بلیدی نے جمع کرائی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ عدم اعتماد جمع کرانے سے قبل بی اے پی، اے این پی اور پی ٹی آئی اراکین میں مکمل مشاورت کی گئی، سردار یار محمد رند، جام کمال اور اصغر اچکزئی دو روز تک اس حوالے سے مشاورت میں مصروف رہے اور مطلوبہ اراکین کی تعداد پوری ہونے کے بعد یہ قرار داد جمع کرائی گئی ہے۔

عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 6، 7ماہ سے سیاسی معاملات پر تحفظات تھے، کارکردگی اچھی نہیں تھی اس کے باوجود اچھے کی امید رکھی لیکن بلوچستان میں بہتری نظرنہیں آرہی تھی، کئی بار کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ظلم کو نظرانداز نہیں کرسکتے، عوام میں تاثر جارہا تھا کہ ظلم میں ہم بھی شریک ہیں جبکہ ایسا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں تحریک عدم اعتماد چلی تو وہاں بھی ون پوائنٹ ایجنڈا رکھا اور ہمارا ایجنڈا تھا کہ بلوچستان میں سیاسی تبدیلی کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہے، وفاق نے ہمارا ساتھ دیا ہے اور تحریک سے متعلق مؤقف رکھا، بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کے علاوہ ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

جام کمال نے مزید کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے دستخط بھی تحریک عدم اعتماد پر موجود ہیں، 14ارکان کے دستخط ہیں، ہماراہم خیال گروپ ہے اور ہم مستقبل کے فیصلے مشترکہ کرینگے، آئندہ وزیراعلیٰ کون ہوگا دوستوں کیساتھ مشاورت کےبعد فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی اے پی کا موجودہ گروپ ہی وفاق میں عدم اعتماد تحریک پر آگے تھا اور ہمارے گروپ کو ہی وفاق کی سطح پر یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں، یہ تو نہیں ہوسکتا کہ بلوچستان یا پاکستان نقصان میں جارہا ہے تو خاموش رہیں، ہم کہتےہیں5 سال مدت پوری ہونی چاہیے چاہے وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کوئی بھی ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button