وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد آئندہ 24 گھنٹے میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے اس حوالے سے اتحادی جماعتوں میں مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کا امکان ہے اور یہ عدم اعتماد کی تحریک آئندہ 24 گھنٹے میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ عدم اعتماد کیلئے بی اے پی، اے این پی اور پی ٹی آئی اراکین کی مشاورت مکمل ہوگئی ہے اس سلسلے میں گزشتہ 2روز سے سردار یار محمد رند، جام کمال اور اصغر اچکزئی میں مشاورت جاری تھی۔
سابق وزیر تعلیم بلوچستان اور پی ٹی آئی رہنما یار محمد رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک اعتماد لانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری ہوگئی ہے اور عبدالقدوس بزنجو کیخلاف تحریک عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عبدالقدوس بزنجو سے بلوچستان کے عوام اور ارکان سخت مایوس ہیں، صوبے بھر میں پینے کا پانی نہیں ہے، لوگ مشکلات کا شکار ہیں لیکن ہمارے وزیر اعلیٰ کے پاس بلوچستان آنے کا وقت نہیں ہے۔
یار محمد رند نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو کیخلاف چارج شیٹ ہے جو شروع کروں تو ختم نہیں ہوگی، بلوچستان کےعوام سمیت سب چاہتے ہیں کہ ان کو منصب سے ہٹایا جائے، سب سے پہلا مرحلہ موجودہ وزیراعلیٰ کو عہدے سے ہٹانا ہے جس کے بعد تمام جماعتیں مشاورت کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کریں گی اور مضبوط امیدوار کو سب کی حمایت حاصل ہوگی۔