تازہ ترینخبریںپاکستان

اتحادی جماعتوں کی ’سخت ‘ فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی

حکومت کی اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) نے حکومت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ہر ’سخت‘ فیصلے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں سیاسی اور معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے متفقہ طور پر فیصلے کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔

وزیراعظم (آج) منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی سربراہی بھی کریں گے، اجلاس میں وزیر اعظم لندن میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے فیصلوں پر تمام اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔

برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے واپسی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے حکمران اتحاد میں شامل اتحادی جماعتوں سے مشاورت شروع کی، جس میں بظاہر انہیں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کی جانب سے لندن میں وزیراعظم کی حالیہ ملاقاتوں کے دوران کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے تینوں اتحادی جماعتوں کے سربراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری، جے یو آئی (ف) کے مولانا فضل الرحمٰن اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم جلد ہی حکومت میں شامل تمام اتحادیوں کا اجلاس بلائیں گے جس میں متفقہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی دونوں طرح کے بحرانوں پر کس طرح قابو پایا جائے۔

حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر سب سے سخت فیصلے میں ایک پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنا ہے اور اس کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

اس وقت حکومت مبینہ طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دے کر ماہانہ 100 ارب روپے سے زائد کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ سخت فیصلے کرتے ہوئے قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔

انہوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے حکمران اتحاد کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button