تازہ ترینتحریکخبریں

امریکی جنگ میں قربانیاں دیں، امریکا نے پاکستان کا شکریہ تک ادا نہ کیا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں نے امریکا کی جنگ میں 80 ہزار جانیں دیں، کیا کسی نے ان کا شکریہ ادا کیا؟

صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے امریکی جنگ میں قربانیاں دیں، امریکا نے پاکستان کا شکریہ تک ادا نہیں کیا، تھری اسٹوجز نے 10 سال حکومت کی، تو پاکستان پر 400 ڈرون اٹیک ہوئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون حملوں کے بعد مدد کے لیے آنے والوں پر بھی حملے کیے گئے، سابق حکمرانوں میں جرات نہیں تھی، کہ مغرب سے کہتے کہ اپنے ملک کے دہشتگردوں پر ڈرون اٹیک کریں۔

عمران خان نے کہا کہ باجوڑ ڈرون حملے میں مدرسے کے 64 بچے مارے گئے، دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا، ہم امریکی غلاموں کی حکومت کسی طور تسلیم نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بعد میں بتاؤں گا کہ کھانے میں زہر ملایا جائے تو ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہوگا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم نے چن چن کر آپریشن کرنے والے پولیس اہلکاروں کو مار ڈالا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی۔

عمران خان نے کہا کہ جب قوم کی اخلاقیات ختم ہوتی ہے، اچھے برے کی تمیز ختم ہوتی ہے تو قوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی طور پر مرتی ہے، معاشی موت اس کے بعد ہوتی ہے، آج کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں۔

سابق وزیراعظم  نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ الیکشن کروائے جائیں، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button