تازہ ترینخبریںپاکستان سے

”پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب“، ن لیگی رہنما نے خطرے کی گھنٹے بجا دی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما قیصر احمد شیخ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ نا کا کہنا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے۔

نون لیگ کی معاشی ایڈوائزی کمیٹی کے ممبر قیصر احمد شیخ نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے اب پاکستان کو سنبھالنا ہے، ہم صرف ہاتھ ہی پھیلاتے رہیں گے مزید قرض مانگ رہے ہیں، پاکستان بحران سے گزر رہا ہے جب کہ توجہ غیر ضروری معاملات پر ہے، ملک معاشی بحران کی وجہ سے ڈوب رہا ہے، ڈالر 193 کا ہوگیا۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مہنگائی حکمرانوں کی اپنی غفلت کی وجہ سے ہے، مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلیوں میں بھی بحران پر توجہ نہیں ہے، ہماری اسمبلیوں میں بھی ان چیزوں پر بحث نہیں کی جا رہی، ہمارے ملک میں 10 ارب ڈالر سے کم ریزرو رہ گئے ہیں، ہمارے سامنے سری لنکا ڈیفالٹ ہوا، غیر ملکی حکومتوں نے پیسہ صرف بینکوں میں رکھنے کے لیے دیا، ملک میں مہنگائی آئندہ 2، 3 ماہ میں 20 فیصد ہو جائے گی، آئی ایم ایف سبسڈی ختم کرانے پر بضد ہے۔

انہوں نے اپنی ہی حکومت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور پالیسیوں پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرائے خزانہ باہر سے آتے ہیں اور ہم سے مشاورت تک نہیں ہوتی، موجودہ حکومت نے بھی غیر منتخب شخص کو وزیر خزانہ لگا دیا، موجودہ وزیر خزانہ پر پی پی رہنما نے بھی اعتراض اٹھایا، 3 ہفتے ہوگئے مفتاح اسماعیل ناتجربہ کار وزیر خزانہ ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا نہیں آیا، کسی بھی منتخب رکن اسمبلی کو وزیر خزانہ بنایا جاتا تو حالات بہتر ہوتے، مفتاح اسماعیل کے خلاف بات کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پارٹی کو بتا دیا ہے مفتاح اسماعیل ڈیلیور نہیں کر سکے گا، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر ٹیکس لگانا درست عمل نہیں، ایک ماہ ہو گیا حکومت بنے ابھی تک ہم سے مشورہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی بحران آ چکا ہے الیکشن مسئلے کا حل نہیں، میثاق معیشت الیکشن سے پہلے ہونا چاہیے، پی ٹی آئی اور ن لیگ کو مل کر معیشت پر کام کرنا ہوگا، معیشت کی بہتری پر توجہ نہ دی تو ملک میں فساد اور خانہ جنگی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button