تازہ ترینخبریںپاکستان

گوجرانوالہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا سے گوجرانوالہ آنے والی 2 مسافر گاڑیوں کا کوٹ لدھا کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر سے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے۔

جاں بحق ہونے والے افراد میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ غلط جانب سے آنے والے ڈمپر کے ڈرائیور کا دوران ڈرائیونگ سونے کی وجہ سے پیش آیا، واقعے کی اطلاع پر ایس پی صدر عثمان ٹیپو اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ مسافر سرگودھا میں مزار پر حاضری کے بعد گوجرانوالہ جارہے تھے۔

حادثے میں ایک بچی اور 6 خواتین سمیت 12 افراد جان بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والی خواتین میں منور بی بی، عاصمہ، فوزیہ،حلیمہ، خالدہ، آسیہ اور 4 ماہ کی ھرین کے علاوہ الیاس، گلزار، اسلم، عرفان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے، جاں بحق ہونے والے 9 افراد رحمٰن پورہ گرجاکھ کے رہائشی تھے۔

ایس پی صدر عثمان ٹیپو نے بتایا کہ زخمیوں کو حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات میں تیز رفتار ڈمپر کا 2 مسافر گاڑیوں کے ساتھ تصادم کا انکشاف ہوا ہے، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button