تازہ ترینخبریںسیاسیات

میں شیخ رشید کو گھر سے نکلنے نہیں دونگا

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے سابق ہم منصب کے حوالے سے کہا ہے کہ لانگ مارچ کو خونی کہنے والا بیان واپس نہ لیا اور اسے پُرامن نہ کہا تو میں شیخ رشید کو گھر سے نہیں نکلنے دوں گا۔

انسدادِ منشیات کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھتیجے کی گرفتاری کے بعد شیخ رشید کو پوری رات نیند نہیں آئی، انہوں نے عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی ہے، شیخ رشید نے درخواست دی ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ گرفتار کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کہتے تھے کہ جیل ان کا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، تو شیخ رشید سسرال جانے سے گھبراتے کیوں ہیں؟ عمران خان فرح گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، وہ ایمنسٹی اسکیم بھی گوگی کے لیے لائے، عثمان بزدار صرف نام کے وزیرِ اعلیٰ تھے، انہیں فرح کے ذریعے حکم دیا جاتا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ 15 کلو ہیروئن کے کیس میں 2 ملزم ہیں، ایک عمران خان اور دوسرے شہزاد اکبر، شہزاد اکبر نے اسلام آباد پولیس کے افسر سے رابطہ کر کے مجھ پر کیس کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہےکہ یہ کیس بناؤ، شہزاد اکبر نے پولیس افسر کو کہا کہ ہم رانا ثناء اللّٰہ پر کیس ڈالنا چاہتے ہیں، آپ تعاون کریں، پولیس افسر نے انکار کیا تو اے این ایف سے مینیج کروایا گیا، اگر میں نے اتنے قتل کیے ہیں تو میرے خلاف ہیروئن کا جھوٹا کیس کیوں بنایا؟

وفاقی وزیرِ داخلہ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اپنی حرکتوں سے باز آئیں، عمران خان اپنے فین کلب کو بدتمیزی پر اکسانے کے لیے مہم چلا رہے ہیں، اپنے کارکنوں کو سیاسی قائدین کے خلاف اکساتے رہے تو آپ بھی ردِ عمل سے نہیں بچ سکیں گے، باز نہ آئے تو ہمیں اپنے کارکنوں کو کہنا پڑے گا کہ کہیں بدتمیزی ہو تو ان کو پکڑیں اور مرمت کریں، ان کو جوتے پڑیں گے، یہ ٹھیک ہو جائیں گے، اپنے کارکنوں کی مرمت کروانا چاہتے ہیں تو کروا لیں، سیاسی قائدین کی عزت کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ مجھے جانتے نہیں، لانگ مارچ پُرامن نہ ہوا اور انتشار پیدا کیا گیا تو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، کوئی شخص آگ لگانے کو تیار نہیں، یہ آپ کی بھول ہے کہ آپ انتشار اور افراتفری کا ماحول پیدا کریں گے، تم لوگوں کو آگ لگانے کی ترغیب دے رہے ہو، پہلے اپنے وجود کو آگ لگاؤ، اگر اس حرکت سے باز نہ آئے، تو خود بھی بچ نہیں سکو گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button