
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول پرفی لیٹر30روپےنقصان برداشت کررہی ہے، ہر ماہ پیٹرول کی مد میں 102ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بوجھ ہم پر نہیں پاکستان کےعوام پر ڈالا ہے، جوبھی اضافی پیسہ خرچ ہوتا ہے وہ ہماری نہیں عوام کی جیب سے جاتا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہرماہ حکومت کے پاس سے102ارب روپے جائیں گے، ہرماہ پوری حکومت چلانے کا خرچ 45ارب روپے ہے، 102ارب روپے ہر ماہ پیٹرول کی مد میں نقصان ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ 102ارب روپے ہمیں مارکیٹ سے قرض لینا پڑتے ہیں، یہ پیسے ہم لے لیتے ہیں تو نجی سیکٹر کے پاس سرمایہ کاری کے لیے پیسے نہیں رہتے، ایل سی نہیں کھلتی تو دالیں ،خوردنی تیل اورضروری اشیاء مہنگی ہوجاتی ہیں۔