تازہ ترینخبریںدنیا

ایڈولف ہٹلر کا تعلق یہودی نسل سے تھا؟ کہنے پر اسرائیل ناراض ہو گیا

اسرائیل نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایڈولف ہٹلر کا تعلق یہودی نسل سے تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی خبر کے مطابق اسرائیل نے روسی وزیر خارجہ پر یہود دشمنی کے جذبات پھیلانے اور ہولوکاسٹ کی اہمیت کو کم تر کرنے کا الزام لگایا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ‘اس طرح کے جھوٹ کا مقصد یہودیوں کے اپنے خلاف ہونے والے تاریخ کے سب سے ہولناک جرائم کا الزام خود ان پر لگانا ہے۔’

اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے یہودیوں کے ہولوکاسٹ کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے سرگئی لاوروف سے ان کے ان تبصروں پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جو انہوں نے اتوار کے روز اطالوی ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیے تھے.

اسرائیلی وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو اس ببان پر احتجاج کے لیے طلب کیا تھا۔

وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایڈولف ہٹلر کا یہودی نسل سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرنا ایسا ہی ہے جیسے یہ کہنا کہ یہودیوں نے خود کو ہلاک کیا اور یہودیوں پر یہود مخالف ہونے کا الزام لگانا ‘نسل پرستی کی سب سے نچلی سطح’ ہے۔

اس معاملے پر تاحال روسی سفارت خانے یا خود وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اٹلی کے ‘ریٹے4’ چینل کے ساتھ اپنے انٹرویو کے دوران سرگئی لاوروف سے پوچھا گیا تھا کہ روس کس طرح کہہ سکتا ہے کہ اسے یوکرین کو ‘نازی اثر و رسوخ سے پاک’ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ملک کے صدر ولادیمیر زیلینسکی یہودی ہیں۔

سرگئی لاوروف نے ایک اطالوی مترجم کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ کہتے ہیں کہ ہم تو خود یہودی ہیں تو کس طرح سے یہ نازی ازم ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ایڈولف ہٹلر بھی یہودیوں سے تعلق رکھتا تھا، اس لیے ان کی بات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا تھا کہ ‘اب کافی عرصے سے ہم عقلمند یہودی لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سن رہے ہیں کہ یہود مخالف سب سے بڑے خود یہودی ہیں۔’

ہولوکاسٹ میں مارے جانے والے 60 لاکھ یہودیوں کی یادگار اسرائیل کی یادگار ید واشیم کے چیئرمین دانی دیان کا کہنا تھا کہ روسی وزیر خارجہ کے ریمارکس ‘حقیقی نازی ازم کے متاثرین کی توہین اور ان کے لیے بڑا دھچکا’ ہیں۔

‘کان’ ریڈیو سے بات بات کرتے ہوئے، دانی دیان نے دعویٰ کیا کہ ‘سرگئی لاوروف یہود مخالف سازشی تھیوری پھیلا رہے ہیں جس کی اصل میں کوئی بنیاد نہیں’۔

ایڈولف ہٹلر کے آباد و اجداد میں سے کسی کی شناخت معلوم نہیں لیکن اس بارے میں کچھ ایسی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں جن کی کبھی بھی کسی ثبوت سے توثیق نہیں ہوسکی کہ وہ شاید یہودی ہوسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button