تازہ ترینخبریںکاروبار

نئی حکومت آنے کے بعد رمضان میں مہنگائی کم ہوئی یا زیادہ؟

رواں سال رمضان المبارک میں ماہ اپریل میں مہنگائی 13.4 فیصد رہی جو پچھلے ماہ کے مقابلے میں 0.7 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.3 فیصد زائد رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ ماہ کے اعدادو شمار جاری کردیئے

گزشتہ ماہ اپریل اس لحاظ سے اہم تھا کہ اس مہینے رمضان المبارک اور عید کے پیش نظر خرید وفروخت کا رجحان دیگر مہینوں سے مختلف ہوتا ہے۔

امسال اپریل میں اشیائے صرف کی قیمتوں کی کیا صورتحال رہی؟، اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق رواں سال اپریل مہنگائی بڑھنے کی شرح 13.4 فیصد رہی، جو اس سے پچھلے ماہ مارچ میں 12.7 فیصد اور اپریل 2021ء میں 11.1 فیصد تھی۔

اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ امسال اپریل پچھلے سال اپریل سے 2.3 فیصد اور اس سے پچھلے ماہ مارچ کے مقابلے میں 0.7 فیصد مہنگا تھا، اسی طرح اپریل کے مہینے میں دیہی آبادی میں مہنگائی کی شرح شہری علاقوں سے زیادہ رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مارچ کے مقابلے میں ٹماٹر، پیاز، آلو، پھل، سبزی، دودھ، خوردنی تیل، آٹا اور مسور کی دال کی قیمت میں اضافہ ہوا، جبکہ گڑ، چینی اور مرغی کی قیمت میں کمی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر غذائی اجناس میں ٹیلرنگ، گاڑیاں، ہوزری، کپڑے، تعمیراتی میٹریل، ریڈی گارمینٹس، واشنگ صابن، ماچس، فرنیچر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ الیکٹرک چارجر، مائع ہائیڈو کاربن اور سولڈ فیول کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

ایف بی ایس کے مطابق رواں سال اپریل کے دوران جن اشیاء کی پچھلے سال اپریل کے مقابلے میں بھی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا، ان میں ٹماٹر، سرسوں کا تیل، پیاز، خوردنی تیل و گھی، سبزی، گوشت، پھل اور آٹا شامل ہے جبکہ پچھلے سال کے مقابلے میں رواں سال اپریل کے دوران مونگ کی دال، آلو، انڈے، چینی اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں کمی آئی۔

واضح رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے 51 بنیادی اشیائے صرف کی قیمتیں حاصل کرکے اس سروے کی بنیاد پر نتائج اخذ کئے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button