تازہ ترینخبریںپاکستان

وزیر اعظم کا چینی شہریوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم

جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین کی ناظم الامور سے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے پر افسوس اور تعزیت کی۔ وزیر اعظم نے چینی صدر کے لیے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا۔

دورے کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئرن برادرز پر وحشیانہ حملے پر قوم صدمے میں ہے، پاکستان چینی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے افسوس کرتا ہے، دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ واقعے کی تیزی سے تحقیقات اور مجرموں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے، مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی شہریوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، جسد خاکی اور زخمیوں کی واپسی کے لیے تمام انتظامات کریں گے، چینی شہریوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا ہے، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ دورے کے موقع پر احسن اقبال، مریم اورنگزیب، حنار بانی کھر اور رانا ثنا اللہ بھی ہمراہ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button