
13 سالہ آئین اسٹائن گریجویشن کے بعد پی ایچ ڈی کیلئے تیار
امریکی ریاست مینیسوٹا سے تعلق رکھنےوالا 13 سال کا ایلیٹ ٹینر گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اب پی ایچ ڈی کرنے کے لیے تیار ہے۔
برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایلیٹ ٹینر کی ذہانت کا صرف 3 سال کی عمر میں ہی کوئی مقابلہ نہیں تھا کیونکہ وہ اس وقت سے ریاضی اور طبیعیات کے سوالات حل کرتا آرہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کم عمر لڑکے کو اس کی ذہانت کی وجہ سے لوگوں کی جانب سے ’چھوٹا آئن اسٹائن‘ قرار دے دیا گیا ہے۔
ایلیٹ ٹینر نے مقامی کالج سے اپنی گریجویشن کی ڈگری مکمل کی ہے اور اب جلد ہی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایلیٹ نےگریجویشن طبیعیات میں مکمل کی ہے اور ریاضی مضمون بھی اس کی ڈگری کا حصّہ تھا۔
اب اس ذہین بچے کا یونیورسٹی آف مینیسوٹا میں پی ایج ڈی پروگرام کے لیے داخلہ ہوچکا ہے لیکن اس کے والدین کو تعلیمی اخراجات اُٹھانے کے لیے مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
ایلیٹ ٹینر کے والدین نے اپنے بچے کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے عطیات اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔
اس حوالے سے ایلیٹ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا پروفیسر بننا چاہتا ہے اور اس کی تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے ہمیں گرانٹس، اسکالر شپ، اور فیلو شپ کی تلاش ہے، ابھی تک ہم سے جتنی رقم جمع ہوسکی ہے وہ ناکافی ہے۔