ویڈیو : خاتون کال سنتے ہوئے گٹر میں جا گری،پھر کیا ہوا ؟
بھارت میں سڑک پر خاتون موبائل فون پر بات کرتے ہوئے گٹر میں جا گری، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، لوگوں نے کافی تگ و دو کے بعد خاتون کو گٹر سے نکالا۔
آج کل جس شخص کو بھی دیکھو وہ موبائل فون کی دنیا میں گُم ہے، ایسا لگتا ہے جیسے موبائل فون ہمارے جسم کا ایک بن چکا حصہ ہے اور ہماری عادتوں میں شامل ہے۔
بہت سے لوگوں کیلئے یہ کسی علت سے کم نہیں، سوتے، جاگتے، کھاتے، پیتے، اٹھتے، بیٹھتے یہاں تک کہ واش روم میں بھی موبائل فون کا استعمال اس قد رعام ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے آپ موبائل فون استعمال نہیں کررہے بلکہ موبائل فون آپ کو استعمال کررہا ہے۔
سڑک پر موبائل فون سنتے ہوئے اردگرد سے بے نیاز ہونا کبھی کبھار بہت خطرناک ثابت ہوتا ہے، ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی خاتون کے ساتھ پیش آیا جو موبائل فون میں اتنی مگن تھی کہ اسے سامنے آنے والے گٹر کا ہی نہیں پتا چلا اور وہ اس میں جا گری، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی ریاست بہار کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ خاتون فون پر بات کرتے ہوئے آٹو رکشہ کے پیچھے چلتی ہوئی نظر آرہی ہے، لیکن رکشہ کے آگے بڑھتے ہی وہ بھی آگے بڑھی لیکن اسے زمین پر کھلا ہوا مین ہول نظر نہیں آیا اور وہ دوسرے ہی لمحے اس میں جاگری۔
عینی شاہدین اس کے بعد وہاں موجود لوگ مین ہول کی جانب دوڑتے ہوئے گئے اور کافی تگ و دو کے بعد چند افراد نے خاتون کو گہرے گٹر سے بحفاظت نکال لیا۔