ویڈیو: آزادی اظہار رائے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملاقات کی جس میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی اور پیمرا قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے شق شامل کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیک نیوزسے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کونقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا، آزادی اظہار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال میں ملک کی معیشت کی طرح میڈیا کو بھی مالی طورپرتباہ کیا گیا، صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، ازالہ کرنے کے خواہاں ہیں، ملک کی معاشی تباہی کی بحالی کی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اداروں، عدلیہ، میڈیا پرکیچڑاچھالنے والوں کو اسپیس نہ دی جائے۔
وفد نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں۔