صدف کنول کے پاؤں بھاری ہو گئے؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے اپنی بہو اور ماڈل صدف کنول کے حاملہ ہونے کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں بہروز سبزواری نے ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی۔
اس رمضان ٹرانسمیشن کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں بہروز سبزواری کو اپنی بہو صدف کنول سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بہروز سبزواری نے کہا کہ میری بہو صدف کنول بہت پیاری بچی ہے اور فی الحال میں اُن کے لیے دُعاؤں کی درخواست کرنا چاہوں گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ماشاءاللّہ! صدف کنول بہت جلد ماں بننے والی ہیں اور میں ایک بار پھر چھوٹی عمر میں دادا بن جاؤں گا۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں اپنی اولاد کو وقت نہیں دے سکا لیکن الحمداللّہ اپنی اولاد کے بچوں کو بھرپور وقت دوں گا۔
واضح رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں خاموشی سے شادی کرلی تھی، شہروز سبزواری کے ہاں یہ دوسرے بچے کی پیدائش ہوگی۔
اس سے قبل شہروز سبزواری کی اداکارہ سائرہ یوسف سے بھی ایک بیٹی ’نورح‘ ہے جو کہ اس جوڑی میں طلاق کے بعد اپنے والد شہروز سبزواری اور والدہ سائرہ یوسف دونوں کے پاس رہتی ہے۔