صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے وزیراعظم شہبازشریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی بہتری کے لئے آئین وقانون کی بالادستی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اقتدار سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد بالا آخر صدر اور وزیراعظم کا آمنا سامنا ہو گیا ۔ شہباز شریف کی صدر علوی سے ملاقات میں اہم سیاسی معاملات اور گورنرز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔ گورنر پنجاب کو ہٹانے کی سمری پر بھی بات چیت کی گئی۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ انھوں نے آئین قانون اور حاصل اختیارات کے تحت اقدامات اٹھائے ہیں۔
دوسری جانب ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی صدر عارف علوی سے یہ پہلی ملاقات ہے، صدر نے ناسازی طبیعت کی بناء پر وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صوابدیدی اختیارات کے تحت گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹادیا تھا تاہم صدر مملکت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ صدر پاکستان نے گورنر پنجاب کو برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے فرائض انجام دینے کے احکامات دیئے ہیں۔