تازہ ترینخبریںسپورٹس

بیٹل گراؤنڈز نے ہزاروں اکاؤنٹس پر تاحیات پابندی لگا دی

مشہور موبائل گیم بیٹل گراؤنڈز نے ہزاروں اکاؤنٹس پر تاحیات پابندی لگا دی ہے۔

دنیا کے معروف اور ایکشن سے بھرپورگیم بیٹل گراؤنڈز نے غیر قانونی ڈاؤن لوڈز اور دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ چیٹنگ کرنے پر ایک ہفتے میں 40 ہزار سے زائد کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔

موبائل گیم کے پبلشر کرافٹون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ 11 سے 17 اپریل کے درمیان چالیس ہزار ایسے اکاؤنٹس کو بند کر دیا گیا ہے جو کھیل میں غیر معمولی فوائد حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقے استعمال کر رہے تھے۔

جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی گیمنگ کمپنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 41 ہزار 898 اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی ہے، جس کے بعد وہ اپنی موجودہ ڈیوائسز پر کبھی بیٹل گراؤنڈز نہیں کھیل سکیں گے۔

کرافٹون نے بی جی ایم آئی کی آفیشل ویب سائٹ پر ایسے تمام دھوکے باز کھلاڑیوں کے ناموں پر مشتمل فہرست بھی شائع کر دی ہے، گزشتہ ہفتے بھی کرافٹون نے 49 ہزار327 اکاؤنٹس پر پابندی لگائی تھی، 2021 میں غیر قانونی سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی تھی۔

گیم ڈیولپر کا کہنا ہے کہ ہمارے پلیٹ فارم پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے، اپنے گیمنگ پلیٹ فارم کو دوسرے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ اور قابل بھروسا بنانے کے لیے ہم ہفتہ وار بنیادوں پر اکاؤنٹس کی جانچ کرتے ہیں، اور شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے۔

ڈیولپر کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی ایسی حرکت میں ملوث پایا جائے جس سے دوسرے کھلاڑیوں کے کھیل پر منفی اثرات مرتب ہوں تو نہ صرف ان کا اکاؤنٹ بلکہ ان کی ڈیوائسز کو بھی بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ ایک بارپابندی کا سامنا کرنے والے کھلاڑی تاحیات ان ڈیوائسزپربیٹل گراؤنڈ نہیں کھیل سکتے جن پران کے اکاؤنٹس بند کیے گئے ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button