تازہ ترینخبریںکاروبار

پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا ہے کہ ہم نے پیٹرولیم مصنوعات پر اپریل کے مہینے میں 68 ارب روپے سبسڈی کی سمری منظور کی ہے، اوگرا نے آئندہ مہینے 96 ارب روپے کی سبسڈی کا تخمینہ لگایا ہے، یہ سبسڈی ہم برداشت نہیں کرسکتے، وزیر اعظم کو اس پر فیصلہ کرنا ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا کہ جب 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوئی تھی تو پاکستان کی نمو کی شرح 6.8 فیصد تھی، پہلے سال ہی انہوں نے کہ نمو کی شرح 1.9 فیصد کردی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 9.1 فیصد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت چھوڑ کر گئے تھے تو شرح نمو 6.8 فیصد تھی لیکن اب بھی عالمی بینک کا تخمینہ ہے کہ آئندہ سال شرح نمو 4 فیصد ہوگی، مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد تھی، مارچ مہینے میں مہنگائی کی شرح 12.7 فیصد رہی ہے جبکہ سی پی آئی میں افراط زر کی شرح 17.3 فیصد ہے۔

مفتاح اسمعیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں اوسطاً بجٹ خسارہ ایک ہزار 600 ارب روپے تھا، صرف رواں سال عمران خان کی حکومت کا بجٹ خسارہ تقریباً 5 ہزار 600 ارب روپے ہوگیا ہے، عمران خان یہ حکومت چھوڑ کر گئے ہیں۔

سابق حکومت کی کارکردگی کا ذکر جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کی شرح 11.1 فیصد کی جگہ 9.1 فیصد پر آگئی ہے، عمران خان نے پونے 4 سال میں 20 ارب ڈالر سےبھی زیادہ قرض لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی سے اب تک جتنے وزیر اعظم آئے ان سب نے مجموعی طور پر 25 ہزار ارب روپے قرض لیا تھا لیکن عمران خان اکیلے نے 20 ہزار ارب روپے قرض لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کہتے ہیں کہ روپے کی قدر میں کمی کے سبب قرض میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان کہا کرتے تھے ایک روپیہ ڈی ویلیو ہوتا ہے تو قرض میں 100 ارب اضافہ ہوجاتا ہے، ان کے زمانے میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 70 روپے کمی آئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اختتام تک ساڑھے 5 کروڑ لوگ خطِ غربت کے نیچے تھے اس میں عمران خان نے مزید 2 کروڑ افراد کا اضافہ کیا ہے، اور آج ایک کروڑ 35 لاکھ بچے جو مفلسی میں ہیں وہ عمران خان کی ناقص پالیس کی وجہ سے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اسد عمر کہہ رہے ہیں کہ ہم نے برآمدات بڑھائی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ برآمدات بڑھی ہے لیکن برآمدات سے زیادہ درآمدات بڑھی ہے، رواں سال پاکستان تاریخ رقم کرتے ہوئے 75 ارب ڈالر کی درآمدات کرے گا، اور برآمدات صرف 30 ارب ڈالر ہوگی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ مسلم لیگ (ن) کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیادہ چھوڑ کر گئی تھی یہ بات درست ہے، سی پیک کی وجہ سے نئے پلانٹ اور مشینری آرہی تھی، اس وجہ سے خلا زیادہ تھا لیکن خان صاحب نے اس میں بھی اضافہ کیا۔

مفتاح اسمعیل نے کہا کہ پاکستان کے بیرون ملک میں موجود اثاثے 10 ارب ڈالر سے زیادہ تھے، گزشتہ دنوں اسد عمر نے ٹوئٹ کیا کہ یہ گزشتہ 50 فیصد کم ہوگئے ہیں، ان کا یہ خیال ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے کم ہوئے لیکن جو ادھار پہلے لیا تھا اس سے تحریک عدم کا کیا تعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایس ایل جی پی ایل میں 200 روپے سے زیادہ نقصان کیا، 500 ارب سے زیادہ پی ایس او کی مواصلات ہوچکی ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہونے پر ایک ہزار 63 ارب روپے سرکلر ڈیٹ تھا، آج وہ لگ بھگ 25 سو ارب روپے ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں گیس کے شعبے میں کوئی سرکلر ڈیٹ نہیں تھا لیکن آج کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گیس سیکٹر میں بھی ایک ہزار 500 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ہے، ایس این جی پی ایل اور پی ایس او کی لیکویڈیٹی کے لیے ہمیں انہیں پیسے دینے پڑھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جو سبسڈی دی گئی اس میں حکومت پاکستان کو 3 سو ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اور اس کی کابینہ سے کوئی منظوری بھی نہیں دی گئی تھی۔

پاور پلانٹس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ساڑھے 7 ہزار میگا واٹ پاور پلانٹس بند رکھے ہوئے ہیں، اس لیے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، 5 ہزار 500 میگاواٹ اس لیے بند ہیں کہ وہاں فیول اور قرضوں کے مسائل کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 200 ہزار میگاواٹ اس لیے بند ہیں کہ وہاں مرمت نہیں کی گئی۔

مفتاح اسمعیل نے کہا کہ میں اکثر یہ سوچتا ہوں کہ یہ حکومت زیادہ نا اہل تھی یا زیادہ بد عنوان تھی، اس کی نا اہلی پر سلام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نا اہلی ہے کہ انہوں نے یوریا اسمگل کروائی حالانکہ یوریا کی پیداوار کے لیے 30 ارب ڈالر کی گیس 2 ارب ڈالر پر فراہم کی جاتی ہے، اس پر انکوائری کے لیے وزیر اعظم نے فی الفور کمیشن بنانے کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے گندم بھی اسمگل کروایا، جس سے ہمارے کسان کو فائدہ ہوا نہ ہی ہمارے صارف کو بلکہ یہ ملک گھاٹے میں رہ گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button