تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) جو اس وقت جس شکل میں بھی ہے اس کو ختم کر رہے ہیں، جبکہ پیکا ایکٹ پر نظر ثانی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشہ 4 سالوں کے دوران پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان میں بدترین طرز حکمرانی رہی، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں میڈیا انڈسٹری ایک سیاہ دور سے گزری، چار سال سے اظہار رائے پر پابندی عائد تھی، کئی صحافیوں کے پروگرم بند کرائے گئے، میڈیا ورکرز، رپورٹرز کو دباؤ ڈلوا کر نوکریوں سے نکلوایا گیا، 4 سال عوام نے دھونس، گالی اور دھمکی کی زبان سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں صحافیوں کو اغوا کیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا، صحافیوں پر فائرنگ کی گئی، اظہار رائے پر پابندی اور سنسرشپ رہی، پی ایم ڈی اے کا کالا قانون لانے کی کوشش کی جارہی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ایک کالا قانون لانے کی کوشش کی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) (ترمیمی) آرڈیننس 2022 جسے بعد میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ نئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے 2016 میں متعارف کرائے گئے پیکا قانون پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نظر ثانی کی جائے گی اور جہاں بھی خلا موجود ہوگا اس کو دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح پیکا آرڈیننس کو صحافی محسن بیگ کے خلاف راتوں رات ایف آئی آر درج کرنے کے لیے استعمال کیا گیا اور جس طرح سے ان کے گھر پر چھاپے کے دوران ان کی پسلیاں توڑی گئیں، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس ایکٹ کا جائزہ لینے کی کوشش کریں گے، اس کے علاوہ صحافیوں کے تحفظ سے متعلق بل کو جلد ہی قابل عمل بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا تنظیموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک مشترکہ ایکشن کمیٹی میڈیا کے مسائل پر بات کرنے کے لیے ملاقات کرے گی، مشاورت کے بعد ایک حل تلاش کیا جائے گا جو سب کے لیے قابل قبول اور قابل عمل ہو۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام اداروں کو اس حوالے سے الرٹ کردیا گیا ہے اور ایسی حرکتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافیوں کے گھروں کی حفاظت کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button