پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے پریانتھا کمارا قتل کیس کے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیدیا۔
طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے انصاف مہیا کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہوا۔
اس موقع پر طاہر اشرفی نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے پوری قوم کو سرخرو کیا۔
خیال رہے کہ گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج نتاشہ نسیم نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو زندہ جلانے کے کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت نے 6 مجرموں کو سزائے موت اور 7 کو عمر قید جبکہ ایک کو پانچ سال اور 72 کو دو، دو سال قید کی سزا سنا دی، ایک ملزم کو عدالت نے بری کردیا۔
جن مجرمان کو سزائیں سنائی گئی ہیں ان میں 6 مجرمان محمد حمیر، تیمور احمد، محمد ارشاد، علی حسنین، ابو طلحہ اور عبدالرحمٰن کو دو دو دفعہ سزائے موت اور دو دو لاکھ روپے معاوضہ مقتول پریانتھا کمارا کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔