صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایکسائزاینڈ نارکوٹکس فورس کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ بائی پاس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں ایکسائز اینڈ نار کوٹکس فورس کے دو افسران موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جاں بحق افسران کی شناخت انسپکٹر رخسار اور اےایس آئی وسیم کے نام سے ہوئی، جنہیں دوران ڈیوٹی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر شہید افسران کے جسد خاکی کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈیر ہ اسما عیل خان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی ، پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ سے 2دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ سے تھا، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت محمد رمضان اور عبدالرحمان کے ناموں سے ہوئی، ہلاک دہشتگرد مختلف حملوں میں ملوث تھے ،دہشتگردوں سے 3ایس ایم جی ،میگزین اور بارود برآمد ہوا تھا۔