وزیرمملکت زرتاج گل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے پریڈ گراونڈ جلسے میں عمران خان نے جس خط کا ذکر کیا تھا وہ عدم اعتماد پيش ہونے سے ايک دن پہلے موصول ہوا تھا۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے عمران خان کے خلاف بيرونی سازشيں ہورہی ہيں۔ عدم اعتماد پيش ہونے سے ايک روز قبل موصول ہونے والے خط میں عدم اعتماد کا ذکر تھا اور دھمکی بھی دی گئی تھی۔
دوسری جانب ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے جو خط دکھایا ہے وہ عسکری قیادت سے شیئر کیا گیا ہے، ہمیں خط کے ذریعے ایک دھمکی آمیز پیغام دیاگیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خط میڈیا پر دکھائے جانے کا امکان نہیں تاہم یہ خط میڈیا کو آف دی ریکارڈ دکھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کل 27 مارچ کو پریڈ گراونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایک خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ بیرونی مدد سے حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہمارے پاس تحریری ثبوت موجود ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ عموماً لکھی ہوئی تقریر نہیں پڑھتے لیکن کیونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے وہ نہیں چاہتے کہ جذبات میں ان کے منہ سے کوئی ایسی بات نکل جائے جو ملکی مفاد کے خلاف ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمرانوں کی کرتوتوں کی وجہ سے ملک کو دھمکیاں ملیں اور یہ ایسے لوگوں کی ملی بھگت سے ہوا جو ملک میں موجود ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اپنے ہی لوگوں کی ملی بھگت سے ملک میں حکومتیں تبدیل کی گئیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خارجہ پاليسی کو مروڑ نے کی باہر سے کوشش کی جارہی ہے، ہمارے ملک کو پرانے لیڈرز کے کرتوتوں کی وجہ سے دھکمیاں ملتی رہیں، اندر موجود لوگوں کی وجہ سے حکومتيں تبديل کی جاتی رہيں،انہوں نے کہا کہ بھٹو نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دینے کی کوشش کی، ان حالات کی وجہ سے ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف تحريک چلائی گئی، اس وقت بھی آج جيسے حالات بناديئے گئے تھے اور آج بلاول بھٹو اپنے نانا کے قاتلوں کے ساتھ بيٹھ گئے ہيں۔ بیرونی مدد سے حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے، میں الزامات نہیں لگا رہا،میرے پاس ثبوت ہے، شک کرنے والوں کو دعوت ديتا ہوں آکر آف دی ريکارڈ بات کرليں۔
انہوں نے کہا کہ ميری مخالفت ميں قاتل اور مقتول اکٹھے ہوگئے ہيں، گزشتہ کئی ماہ سے پتہ ہے کہ خارجہ پالیسی کیخلاف سازش ہورہی ہے، سب سے دوستی کریں گے غلامی نہیں کریں گے، باہر سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی کو متاثر کیا جارہا ہے۔