تازہ ترینخبریںپاکستان

پرویز الہٰی کبھی بھی وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے، آصف زرداری

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بن سکتے، نمبرز ہمارے پاس ہیں اپوزیشن جسے نامزد کرے گی وزیراعلیٰ وہی ہوگا۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان سے منتخب ایم این اے اسلم بھوتانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اسلم بھوتانی نے حکومت سے علیحدہ ہونے اور اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر بلاول، اختر خان مینگل، ایاز صادق اور دیگر بھی موجود تھے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو بچانے کی غرض سے ہم نے (ق) لیگ کو بھی دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے کہ معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، (ق) لیگ تنگ نظر ہے، پرویز الہی وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے، ان کا رویہ تبدیل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی، قبل ازیں جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب کی عادت ہے جھوٹے الزامات عائد کرنا، عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز پورے تھے اور اب اس سے بھی زیادہ ہیں، ایم کیو ایم کا ایک مطالبہ نہیں ہے ہم آج بھی ان کے کسی مطالبے سے انکار نہیں کررہے، کراچی کی ترقی کے لیے ہمیں ایم کیو ایم کے ساتھ دیرپا تعلقات قائم کرنے ہیں۔

اسلم بھوتانی نے کہا کہ میں اپوزیشن نہیں بلکہ آصف زرداری کے ساتھ ہوں ان کے بہت احسانات ہیں مجھ پر، آصف زرداری جہاں ہیں میں بھی ان کے ساتھ ہوں، آصف زرداری کا حکم ہوا تو میں حاضر ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button