
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج بروز جمعہ 25 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرِصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس دن 11 بجے شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد شامل ہے۔
ایجنڈے میں اپوزیشن کے 147 ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کو شامل کیا گیا ہے تاہم پارلیمانی روایات کے مطابق آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا معطل کرکے اجلاس ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمانی روایات کے مطابق کسی بھی رکن اسمبلی کے انتقال کے بعد طلب کیے گئے اجلاس کا پہلا روز فاتحہ کے بعد مزید کارروائی کے ملتوی کر دیا جاتا ہے تاہم یہ پارلیمانی روایات ہیں رولز میں ایسا کرنا ضروری نہیں ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان فروری میں انتقال کر گئے تھے۔ اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد پر اجلاس کے پہلے روز بحث کروائیں۔
اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی پر الزام عائد کر رکھا ہے کہ اسد قیصر نے 14 روز کے اندر اجلاس نہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔