تازہ ترینخبریںدنیا

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج جیل میں آج شادی کریں گے

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج اپنی پارٹنر سٹیلا مورس سے آج جیل میں شادی کریں گے۔ اس حوالے سے جیل میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جولین اسانج  آج سٹیلا مورس سے جنوب مشرقی لندن میں اعلیٰ حفاظتی جیل کے اندر ایک چھوٹی سی تقریب میں شادی کریں گے جس میں چار مہمانوں، دو سرکاری گواہوں اور دو سکیورٹی گارڈز شرکت کریں گے۔

وکی لیکس بانی جولین اسانج کی عمر 50 سال ہے اور وہ جاسوسی کے الزامات میں امریکا ایکسٹراڈیشن کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

 وکی لیکس نے 2006 میں باقاعدہ آغاز کے بعد سے اب تک ہزاروں خفیہ دستاویزت افشا کر کے شہرت حاصل کی۔ ان دستاویزات میں فلم انڈسٹری سے لے کر عراق اور افغانستان کی جنگوں، قومی سلامتی اور دیگر راز وں سے پردہ اٹھایا گیا تھا۔

 ان دستاویزات کی اشاعت کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا، وکی لیکس نے ان پبلیکشنز میں 2010 میں امریکہ کے ایک جنگی ہیلی کاپٹر سے بنائی گئی ویڈیو بھی نشر کی، جس میں عراق کے شہر بغداد میں شہریوں کو ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

 آسٹریلین جولین اسانج 2019 سے بلمارش جیل میں قید ہیں، پولیس نے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے انہیں لندن میں ایکویڈور کے سفارتخانے سے حراست میں لیا تھا۔

جولین اسانج ایکسٹراڈیشن سے بچنے کیلئے 2012 سے لندن میں ایکویڈور کے سفارت خانے میں مقیم تھے کیونکہ انہیں سویڈن میں سیکسوئل آفنسز جیسے الزامات کا سامنا ہے لیکن جولین اسانج نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور بالآخر سویڈش پبلک پراسیکیوشن نے ان کےخلاف ریپ کے الزام کو ڈراپ کر دیا۔

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کی امریکا حوالگی پر برطانوی عدالت نےفیصلہ سنایا تھا، وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو امریکا حوالے کرنے کی امریکی درخواست مسترد کی گئی تھی لیکن وہ اب بھی حکومت کی طرف سے اپنی حوالگی کی منظوری کے کسی بھی فیصلے کو چیلنج کر سکتے ہیں۔

نومبر 2021 میں جولین اسانج کو سٹیلا سے جیل میں شادی کرنے کی اجازت ملی تھی، جسے آج وہ پورا کریں گے۔

وکی لیکس کے بانی اور سٹیلا مورس کے دو بیٹے بھی ہیں، سٹیلا کے مطابق وہ اس وقت حاملہ ہوئی تھیں جب جولین لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں رہ رہے تھے۔

واضح رہے کہ میرج ایکٹ 1983 کے تحت جیل کے قیدی یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ جیل میں شادی کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں تاہم درخواست گزار کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ شادی کے تمام اخراجات اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہو۔

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والی سٹیلا مورس پیشے سے وکیل ہیں، سٹیلا مورس نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ 2015 سے ان کا جولین سے تعلق ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دونوں کے دو بچے ہیں جن کی پرورش وہ خود کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button