تازہ ترینخبریںپاکستان سے

پاکستان میں رمضان کا چاند کب نظر آئے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند ہفتہ 2 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 2 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان میں پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ شعبان 29 روز کا ہوگا اور 29 شعبان بمطابق 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ میٹ آفس کے مطابق 2 اپریل کو مطلع صاف و کہیں کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی ماہر فلکیات کی جانب سے سعودی عرب میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی، جب کہ عید الفطر 2 مئی 2022 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ قصیم یونیورسٹی کے شعبے فلکیات کے سابق استاد ڈاکٹر عبداللہ المسند کا کہنا تھا کہ فلکیاتی مطالعے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امسال ماہ شعبان 29 دن جب کہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پر مشتمل ہوگا۔

ماہرفلکیات نے مزید کہا تھا کہ شعبان کی 29 تاریخ بمطابق یکم اپریل کی صبح 9 بج کر 24 منٹ پر چاند کی ولادت ہوگی، جب کہ اسی شام کو مکہ مکرمہ کے مغربی افق پر ہلال کی ولادت ہوگی، جو16 منٹ تک دیکھا جاسکے گا۔

ڈاکٹر المسند کا مزید کہنا تھا کہ چاند کا دکھائی دینا موسم پرمشروط ہے اگر فضا آبریا غبار آلود ہوگی تو چاند دیکھنا مشکل ہوگا۔

فلکیات کے مطالعے سے یہ بات بھی کہی جاسکتی ہے کہ رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، جب کہ عید الفطر کا چاند یکم مئی کی شام کو دکھائی دے گا جس کے حساب سے عید الفطر2 مئی کو ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button