سیاست میں گرما گرمی کیساتھ سورج نے بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دیں

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کا الرٹ جاری کردیا، اعلامیے کے مطابق بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 7 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاق رواں ہفتے ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہا درجہ حرارت بڑھنے کے باعث شمالی بلوچستان، بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹری گریڈ تک معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، زیریں سندھ اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
میٹ آفس کا اپنے اعلامیے میں کہنا ہے کہ خشک موسم اور گرمی کی لہر کی وجہ سے کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ ہے، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے انتظامات کریں، سندھ اور جنوبی پنجاب میں گندم کی قبل از وقت کٹائی کا آغاز کریں، اس دوران اسلام آباد اور لاہور میں پولن کی مقدار میں اضافہ بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ لوگ سورج کی روشنی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعد دوپہر تیز / گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔