مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم فیصلہ کرچکے، اتفاق ہوگیا موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرینگی۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا فیصلہ کرچکے ہیں اور ساتھیوں سے حتمی مشاورت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتفاق ہوگیا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرینگی، اگر اپوزیشن اتحاد میں گئے تو وزارتوں سے استعفیٰ دیدیں گے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ق لیگ، ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی مل کر چل رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اپنی کوششیں جاری رکھنا چاہئیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین وقانون بڑا واضح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کواس پرعمل کرنا چاہئیے۔
انہوں نے بتایا کہ آج جہانگیر ترین گروپ کے عون چوہدری ملاقات کیلیے آئے تھے اگلے دو روز میں وہ بھی ہمیں اپنی حمایت کا بتادیں گے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انکی شہبازشریف کے ساتھ ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین کی چوہدری برادران سے ملاقات کل شام متوقع ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن ق لیگ کو تحریک عدم اعتماد میں تعاون کی صورت میں ق لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے پر رضامند ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کو وزرات عظمیٰ پنجاب دینے کے لئے مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری نے نواز شریف کو قائل کیا، آصف زرداری نے نواز شریف کو پیغام دیا کہ بڑے مقصد کیلئے چھوٹی قربانی دیں چند ماہ کی بات ہے۔