یوکرینی شہروں کے لیے انسانی راہداریاں کھولیں گے، روس
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روس کی فوج یوکرین کے متعدد شہروں میں فائربندی کرے گی اور انسانی ہمدردی کے تحت راہداری کھولے گی، راہداری کو دارالحکومت کیف کے ساتھ ساتھ خارکیف، ماریوپول اور سومی کے شہروں سے ماسکو کے وقت کے مطابق صبح کے10 بجے کھولا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے یہ اقدام فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی ذاتی درخواست پر یہ راہداری کھولی جا رہی ہے۔
آر آئی اے نیوز ایجنسی کی جانب سے شائع کردہ نقشوں کے مطابق، کیف سے راہداری روسی اتحادی بیلاروس کی جانب لے جائے گی، اور خارکیف کے شہریوں کے پاس صرف روس کی جانب جانے والی راہداری ہوگی جبکہ ماریوپول اور سمی سے راہداری یوکرین کے دوسرے شہروں اور روس دونوں کی جانب لے جائے گی۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جو لوگ کیف چھوڑنا چاہتے ہیں انہیں ہوائی جہاز سے روس بھیجا جا سکے گا، وزارت نے مزید کہا کہ وہ انخلا کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کرے گی۔
روسی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ روس اور پوری مہذب دنیا کو دھوکہ دینے کی یوکرین کی جانب سے کوششیں اس بار بیکار ہیں۔
روس کے حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی ہے، حملے کے باعث 15 لاکھ سے زیادہ یوکرینی شہری بیرون ملک منتقل ہونے پر مجبور ہوچکے اور روسی معیشت کو مفلوج کرنے کے مقصد سے مغربی ممالک نے سخت پابندیاں لگائی ہیں۔
روس نے 24 فروری کو شروع کی گئی اس مہم کو "خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیا ہے، اس نے بارہا شہری علاقوں پر حملے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کا یوکرین پر قبضے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔