تازہ ترینخبریںپاکستان

’جب تک زندہ ہوں اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا‘

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ چار ڈاکو ہمارے خلاف عدم اعتماد لارہے ہیں، جو بھی یہ کریں گے، اس کے لیے میں تیار ہوں، لیکن سوال پوچھتا ہوں کہ اگر آپ کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوئی تو پھر آپ اس کے لیے تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا۔

میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آصف زرداری سنیما کی ٹکٹیں بلیک کرتا تھا، کرپشن پر آصف زرداری کو نواز شریف نے دو مرتبہ جیل میں ڈالا اور حدیبیبہ پیپر ملز کا کیس زرداری نے شریفوں پر بنایا۔

’فضل الرحمان کو کبھی مولانا نہیں کہوں گا‘

اپنے خطاب میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو ’فضلو‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں اس کو کبھی مولانا نہیں کہوں گا، مولانا پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں، جن کی ہم عزت کرتے ہیں۔

عمران خان نے سربراہ پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پیسے نہیں بناتا بلکہ بلیک میل کرتا ہے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’یہ بتاؤ کہ تمہیں اور تہمارے ڈاکوؤں کے ٹولے کے ہوتے ہوئے کسی کو پاکستان میں سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟‘

عمران خان نے کہا کہ مجرم نمبر ون نواز شریف، جو جھوٹ کر بالی ووڈ کی ایکٹنگ کر کے ملک سے باہر چلا گیا، کبھی گیدڑ بھی لینڈ بن سکتا ہے، جو دم دبا کر ملک سے بھاگ جائے، ماضی میں اٹک جیل سے جھوٹ بول کر نواز شریف بھاگا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا تین مرتبہ کا وزیر اعظم اور اس کے بچے اربوں روپے کے محل میں رہتے ہیں، جب پوچھتے ہیں کہ پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں کہ ہم تو ملک سے باہر رہتے ہیں، یہ لوگ صرف ملک کو لوٹنے کے لیے آتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دوسرا مجرم ہے شہباز شریف، اگر شہباز شریف کا پتہ کرنا ہے تو مقصود چپڑاسی کو لے آئیں جس کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ روپے آئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان لوگوں نے کھیل لگایا ہوا ہے، بھگوڑا اور اس کی بیٹی فوج کو برا بھلا کہتے ہیں اور شہباز شریف کو جو بھی بوٹ نظر آتا ہے اس بوٹ کی پالش شروع کردیا کرتا ہے، شہباز شریف ڈرا ہوا ہے کہ اسے جیل جانا ہے اس لیے جلدی جلدی عدم اعتماد میں لگا ہوا ہے۔

’جلد جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی آئینی ترمیم لائیں گے‘

وزیراعظم نے کہا کہ میری اور آپ کی عمر ایک ہی ہے، اس عمر میں ہمیں اپنی آخرت کی فکر کرنی چاہیے کبھی بھی اوپر والا بلا سکتا ہے، آپ کو دین کے نام پر پیسے بناتے ہوئے کوئی خوف خدا نہیں آتا، آپ کو اللّٰہ نے معاف نہیں کرنا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے 500 ارب روپے مزید خرچ کریں گے، قومی اسمبلی میں جلد جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی آئینی ترمیم لائیں گے، اب دیکھتے ہیں کہ پی پی پی اور ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے پر ہماری حمایت کریں گے یا نہیں، یہ سب کے سامنے آ جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پالیسیوں سے کسانوں کو زیادہ فائدہ ہوا ہے، چین سے ایک لاکھ ٹن کھاد منگوائی جو کہ ایک ہفتے میں پہنچ رہی ہے، ہم دنیا کے مقابلے میں پاکستانیوں کو سستی کھاد دے رہے ہیں، اس پر سبسڈی دے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ریکارڈ ٹیکس جمع کیا جس کی وجہ سے پیٹرول اور بجلی سستی کی، جتنا آپ ٹیکس دیں گے وہ سارا پیسہ عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔عمران خان  نے کہا کہ جب ملک ملا تو چوروں کا ٹولا ملک کا دیوالیہ نکال چکا تھا، پیپلز پارٹی کے دور میں آج سے زیادہ مہنگائی تھی، مہنگائی کے باوجود پوری کوشش کی کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالیں۔

’ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں‘

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں، روس، امریکا، چین، یورپی یونین سب سے دوستی چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ روس یوکرین کی جنگ بند ہو تاکہ لوگوں کا نہ نقصان ہو، جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دے سکتے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

’جب تک زندہ ہوں اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا‘

وزیر اعظم نے کہا کہ نہ آج تک عمران خان کسی کے سامنے جھکا ہے نہ جھکے گا، بلکہ جب تک میں زندہ ہوں اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا۔

عمران خان  نے یورپی سفیروں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کہ جو خط آپ نے ہمیں لکھا ہے کیا وہ آپ نے بھارت کو بھی لکھا ہے؟ ماضی میں نیٹو کا ساتھ دینے سے پاکستان کو کیا ملا؟ 80 ہزار لوگوں کی جانیں گئیں ملک کو 100 ارب سے زیادہ کو نقصان ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کیا یورپی سفیروں نے ہمارا شکریہ ادا کیا جو کچھ ہم نے ان کے لیے کیا؟ افغان جنگ میں جب ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا، بلکہ آپ نے تو ہمیں اپنی ناکامی کا ذمہ دار ٹہرایا۔

عمران خان نے کہا کہ جب بھارت نے کشمیر میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی تو کیا آپ نے بھارت سے رابطہ توڑا، تجارت بند کی؟ بھارت پر تنقید کی؟ کیا ہم آپ کے غلام ہیں کہ آپ جو کہیں گے وہ ہم کر لیں گے؟

’پاکستان پر ڈرون حملے کی کوشش کی تو مار گرائیں گے‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کو کوئی شرم نہیں آئی جب ڈرون حملوں میں ہمارے شہری مر رہے تھے؟،  تو یہ دونوں ڈاکو اس لیے نہیں بول رہے تھے کیونکہ ان چوروں کو بیرون ملک میں موجود اپنے پیسے کی فکر تھی ،ماضی میں پیسے کے بت کی پوجا کرنے والے چپ رہے اور ہمارے بے قصور لوگ ڈرون حملوں میں مرتے رہے، اگر کسی نے پاکستان پر ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی ائیر فورس کو کہوں گا یہ اُس ڈرون کو گرا دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button