تازہ ترینخبریںپاکستان

چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب بننےکیلئےتیارہو گئے، پیپلز پارٹی کا دعویٰ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیر اعظم عمران خان کے اتحادیوں کے پاس ‘بڑا سرپرائز’ موجود ہونے کا دعوٰی کرتے ہوئےکہا کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی جلد ہی صوبے کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔

پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی شیروانی تیار ہے، وہ جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، صرف حتمی اعلان کا انتظار کریں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ چوہدری پرویز الٰہی کو نہیں دیا جا سکتا۔

متضاد دعوے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے عدم اعتماد کے پیش نظر چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے وفاقی وزیر مونس الٰہی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں وزیراعظم عمران خان کو پہلے ہی یقین دہانی کراچکے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ قائد (پی ایم ایل-ق)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قیادت میں حکومتی اتحاد کا حصہ رہے گی۔

تاہم صوبے میں پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نے دونوں شخصیات کی جانب سے کیے جانے والے دعووں کے برعکس کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ان کی حمایت کریں گے، حتمی اعلان پی پی پی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادی پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں، حکمران جماعت پی ٹی آئی کو جلد ہی دھچکا لگے گا کیونکہ حکومت کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کرنے والے ان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل تاریک ہے، ان کے اتحادی انہیں ’بڑا سرپرائز‘ دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کوئی پارٹی نہیں بلکہ ایسے لوگوں کا ایک گروپ ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button