تازہ ترینخبریںپاکستان

شیخ رشید کاعمران خان کو جہانگیرترین سے بات کرنےکامشورہ

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب پرانے مخالف ایک دوسرے کے  پاس جارہے ہیں توعمران خان کیوں جہانگیرترین کے پاس نہیں جا سکتے،عمران خان کو جہانگیرترین سے بات کرنی چاہئے۔

لاہور میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے صحافیوں سے بات کرتےہوئے بتایا کہ اگر پاکستان پیپلزپارٹی قانون کو ہاتھ میں نہ لے تو حکومت کو ریلی پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور اس لئے ان کو اجازت دے رہے ہیں۔

انھوں نےمزید بتایا کہ سندھ میں بھی ایک ریلی نکل رہی ہے جو تحریک انصاف نکال رہی ہے،ہم نے دونوں ریلیوں پر رینجرز تعینات کردی ہے تا کہ امن و امان برقرار رہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت کی تحریک عدم اعتماد ٹھس قسم کی ہے،حزب اختلاف والے خریدوفروخت کا بازارگرم کررہے ہیں،ایسے دوبارہ جھاڑو بھر جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے 172 بندے پورے کرنے کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے تاہم عمران خان ان کی خریدوفروخت پر سیاسی ڈرون حملہ کرے گا۔

پی ٹی آئی کے معاملات پر انھوں نےکہا کہ میری جہانگیر ترین سے کوئی دوستی نہیں ہے، مجھ سے تحریک انصاف والے ناخوش ہوئے ہیں مگر میں کہتا ہوں کہ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات کرنی چاہیے، جب پرانے مخالف ایک دوسرے کے  پاس جارہے ہیں تو عمران خان کیوں جہانگیرترین کے پاس نہیں جا سکتے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر یہ تحریک عدم اعتماد لائے تو ان کے ناکام ہونے کے بعد عمران خان اورمضبوط ہوجائے گا۔اس سے قبل بھی بہت سی تحریکیں پہلے بھی ہم دیکھ چکے ہیں، ادارے اس وقت جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت کے اتحادی بھی ان کے ساتھ ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پتہ ہے کہ کس وقت اس نے کیا کرنا ہے،وہ ناسمجھ نہیں ہیں،عمران خان ترپ کا ایسا پتہ کھیلیں گے کہ اپوزیشن ختم ہوجائےگی۔

سیاسی معاملات پر انھوں نےمزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری چلے ہوئے کارتوس ہیں  اور وہ صرف شرارتیں کرسکتے ہیں، اداروں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہیں اور جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں، یہ راتیں، ملاقاتیں اور کھانے بس باتیں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button