تازہ ترینخبریںپاکستان سے

پیکا آرڈیننس کیخلاف ن لیگی درخواست ناقابلِ سماعت قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی پیکا آرڈیننس کے خلاف دائر کی گئی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے مسلم لیگ ن کی پیکا آرڈیننس کےخلاف درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس اسلام آباد نے ریمارکس دیے کہ اصل اسٹیک ہولڈرز نےچیلنج کیا ہے، ان کے پاس متبادل فورم بھی نہیں، پٹیشنر مجلسِ شوریٰ پارلیمنٹ میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز کا احترام ہے، سیاسی جماعتیں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بجائے پارلیمنٹ مضبوط کریں، سیاسی جماعت کا یہاں آنا پارلیمنٹ کی بے توقیری ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ مجلسِ شوریٰ کو پاور فل بنائیں، غیر ضروری درخواستیں عدالتوں میں نہ لائیں، اٹارنی جنرل کو اس معاملے پر سن چکے ہیں اور دوبارہ بھی سنیں گے۔

مسلم لیگ ن کے وکیل نے کہا کہ ہم بھی عدالت کی معاونت کرنا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جتنی بھی پارٹیز حکومت میں رہیں وہ یہی کرتی ہیں کہ آرڈیننس لے آتی ہیں، پارلیمنٹ کا بہت بڑا اختیار ہوتا ہے، وہ آئین میں بھی ترمیم کر سکتی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پیکا کے معاملے پر کسی سیاسی جماعت کی درخواست انٹرٹین نہیں کریں گے، سیاسی جماعتوں کے پاس مجلسِ شوریٰ کا فورم ہے وہاں کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button