تازہ ترینخبریںپاکستان

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 7 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے علاقے سمبازہ اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزوئی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پرآپریشن کیا۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کی اطلاع پر دہشتگردوں نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگرد قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد فورسز کیخلاف حملوں اور دہشت گردی کے متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، برآمد ہتھیاروں میں سب مشین گن، دستی بم سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز آپریشن میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا۔ دہشتگردوں سے اسلحہ،گولہ بارود اور آلات بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کوامن واستحکام سبوتاژکرنےکی اجازت نہیں دی جائےگی، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو مقامی افراد کی جانب سے بھی سراہا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں نے فورسز کو علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کی ہے۔

واضح رہے کہ 23 فروری کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز  نے آپریشن میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

 اس سے قبل 20 فروری کو بھی شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں5دہشت گرد مارے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button