تازہ ترینخبریںپاکستان

بولیاں لگنا شروع ہوگئی ہیں، ہمارے 3 ارکان کو پیسوں کی پیشکش

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت کے 3 اراکین کو سیاسی جوڑ توڑ کے لیے اپوزیشن کی جانب سے پیسوں کی پیشکش کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ‘کل آپ نے دیکھا کہ دو بڑے سوداگروں نے لاہور میں ملاقات کی، ان میں سے ایک سوداگر کے خلاف لاہور میں اور دوسرے سوداگر کے خلاف کراچی میں کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں سوداگروں نے کل ملاقات کی جس کا مقصد سیاسی جوڑ توڑ کے لیے پیسے خرچ کرنا اور ہارس ٹریڈنگ کے لیے اپنا حصہ ڈالنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات اس پر بات ہوئی کہ ملک میں موجود سیاسی نظام میں خلل ڈالنے کے لیے کون کتنے پیسے ڈالے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بولیاں لگنا شروع ہوگئی ہیں، ہمارے 3 ارکان کو پیسوں کی پیشکش کی گئی ہے، ان 3 ارکان میں ایک خاتون اور ایک اقلیتی رہنما بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ بہت شرمناک بات ہے، اگر آپ ہمارے ارکان کو کی گئی پیشکش کا جائزہ لیں تو اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پیسے کے بل بوتے پر سیاست کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صرف روزانہ سماعت نہ ہونے کے باعث جیل سے باہر ہیں، دونوں نے عدالت میں لکھ کر دیا ہوا ہے کہ ہم بیمار ہیں جبکہ سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس اب روزانہ کی بنیاد پر چلنے کی امید پیدا ہوچکی ہے اور شہباز شریف بہت جلد جیل میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ملک میں ایک بار پھر ہارس ٹریڈنگ کا کلچر پروان چڑھانا چاہتی ہیں لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے، ہم تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارکان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے بکنے سے انکار کیا اور اس طرح کی پیشکشوں سے متعلق اپنی پارٹی کو آگاہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button