تازہ ترینخبریںسپورٹس

پی ایس ایلٜ کراچی کنگز مسلسل 8ویں میچ میں بھی ناکام

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے 175رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، محمد رضوان 76رنز بناکر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی یہ رواں ایونٹ میں مسلسل 8ویں شکست ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں پر 174رنز بنائے،
جو کلارک 40رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا،کپتان بابر اعظم صرف 2رنز بناکر پویلین لوٹے، تاہم شرجیل خان اور جو کلارک کے درمیان 72رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 77رنز کے مجموعی سکور پر کلارک 40رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کراچی کو تیسرا نقصان شرجیل خان کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 34گیندوں پر 36رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ قاسم اکرم 13، روہیل نذیر اور محمد نبی 21، 21 رنز بنا سکے۔ تاہم اختتامی اوورز میں عماد وسیم کے جارحانہ32 رنز نے ٹیم کا سکور 174رنز تک پہنچایا،
وہ 16گیندوں پر 32رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ملتان کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 2جبکہ رومان رئیس، عمران طاہر ، خوشدل شاہ اور مزربانی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔175رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کا آغاز اچھا رہا اور دونوں اوپنر محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان 100رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم شان 45رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
ملتان کو دوسرا نقصان کپتان رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 56گیندوں پر 76رنز بناکر پویلین لوٹے۔ تاہم اختتام اوورز میں خوشدل شاہ اور روسو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کراچی کو شکست دے دی۔ خوشدل شاہ 9گیندوں پر 21جبکہ روسو 5گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز کی ٹیم 8میں سے 7میچز جیت کر 14پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ وہ  ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہے، کنگز کو ایونٹ میں اب تک ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ کراچی کو مسلسل 8میچز میں شکست کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button