تازہ ترینخبریںسپورٹس

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں اور 5 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیاگیا ہے۔

اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف اور اوپنر شان مسعود کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کو بلال آصف اور عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا، جبکہ یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ 16 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان محمد رضوان ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم اور حارث رؤف شامل حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نعمان علی اور ساجد خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زاہد محمود بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

اسکواڈ کے ریزرو کھلاڑیوں میں کامران غلام، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

کوچز اور دیگر اسٹاف کا اعلان

پی سی بی نے ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ برقرار رکھا ہے۔

اس کے علاوہ شان ٹیٹ 12 ماہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر کے گئے ہیں، جبکہ محمد یوسف آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ کو راولپنڈی میں شروع ہوگا، دوسرا میچ 12 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری ٹیسٹ کی میزبانی 21 مارچ سے لاہور کرے گا۔

آسٹریلین اسکواڈ

گزشتہ روز آسٹریلیا نے آئندہ ماہ دورۂ پاکستان کے دوران 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا تھا۔

فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کی انجری سے ریکور ہونے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ آسٹریلیا کی انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں 0-4 سے شاندار کامیابی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکاٹ بولینڈ نے پیٹ کمنز کی کپتانی میں ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔

اس پیش رفت سے گزشتہ سال کے اواخر میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں کے دورہ پاکستان سے پیچھے ہٹنے کے بعد سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے سینئر کھلاڑیوں کے دورے سے دستبردار ہونے کے خدشات غلط ثابت ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم تقریباً 25 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی اور 2019 کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کا سامنا کرنے کے بعد یہ سیریز ٹیسٹ میچز کے لیے پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button