تازہ ترینخبریںدنیا

فرانسیسی صدر روسی صدر سے ملاقات کے بعد یوکرائن روانہ

روس یوکرائن تنازع کے سفارتی حل کے لیے کوشاں فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون ماسکو میں صدر ویلادیمیر پوٹن سے اہم ملاقات کے بعد کیف کے لیے روانہ ہو گئے جہاں وہ اپنے یوکرائنی ہم منصب سے بھی بات چیت کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون روس اور یوکرائن کے تنازع کے سفارتی اور سیاسی حل کے لیے دونوں ملک کے دورے پر ہیں اور جنگ کے امکانات کے خاتمے کے لیے پُر امید بھی ہیں۔

فرانسیسی صدر گزشتہ روز ماسکو پہنچے تھے جہاں انھوں نے اپنے روسی ہم منصب سے تنازع کے حل کے لیے 5 گھنٹوں پر محیط ملاقات کی۔ جس میں یوکرائن سے تصفیے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ روسی صدر کو ٹھوس سیکیورٹی ضمانت سے متعلق تجاویز دی ہیں جسے صدر پوٹن نے تناؤ کے خاتمے کے لیے مددگار قرار دیا ہے۔

فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ روس یوکرائن تنازع کے حل میں آنے والے چند دن فیصلہ کن ثابت ہوں گے جس کے دوران فریقین سے بات چیت اور مل جل کر آگے بڑھنے کی اشد ضرورت ہو گی۔

روسی صدر سے ملاقات کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون یوکرائن پہنچ گئے جہاں وہ اپنے ہم منصب سے ملیں گے اور صدر ویلادیمیر پوٹن سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب جرمنی کے چانسلر یوکرائن کے صدر سے ملاقات کے بعد چند اہم تجاویز کے ساتھ واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button