تازہ ترینخبریںپاکستان

تحریک آزادی میں خدمات کا اعتراف، چوہدری فواد حسین کے دادا کیلئے گولڈ میڈل

تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام کارکنان تحریک پاکستان کی عظیم خدمات کے اعتراف میں 28 ویں سالانہ عطائے گولڈ میڈل تقریب کا انعقاد ہوا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

صدر مملکت نے چوہدری شہباز حسین کو گولڈ میڈل دیا جنہوں نے اپنے تایا چوہدری محمد اویس کی جانب سے تحریک پاکستان میں خدمات کے اعتراف میں یہ گولڈ میڈل وصول کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے میرے دادا چوہدری محمد اویس مرحوم کی تحریک آزادی میں خدمات کے اعتراف میں انہیں گولڈ میڈل دیا ہے جو چوہدری شہباز حسین نے وصول کیا۔

جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چوہدری اویس اور سید ضمیر جعفری نے ضلع جہلم میں آل انڈیا مسلم لیگ کو شاندار قیادت فراہم کی۔

تقریب میں ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، چترال، کوہستان، گلگت بلتستان، بنگال اور انڈیا کے مسلم اکثریتی صوبوں سے تعلق رکھنے والے 50 کارکنان تحریک پاکستان کو گولڈ میڈلز پیش کیئے گئے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شہباز حسین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کو ہمیشہ یاد اور ان کے کارناموں کو اجاگر کرتی ہیں، تحریک پاکستان کا جب آغاز ہوا تو اس وقت دولت مند اور متوسط دو طبقات تھے، دولت مند طبقے نے انگریزوں کا ساتھ دیا جبکہ عام مسلمانوں نے قائداعظم کی پیروکاری میں قیام پاکستان کی جدوجہد شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ میرے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ کام کیا جس پر مجھے فخر ہے۔ جب ضلع جہلم میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ قائم ہوئی تو میرے تایا چوہدری محمد اویس اس کے صدر اور ضمیر جعفری اس کے سیکریٹری جنرل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بڑے نامساعد حالات میں تحریک پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لیا اور اسے کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان کے وقت بھی میرے بزرگ قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ تھے، آج کی تقریب میں اپنے تایا چوہدری محمد اویس کے نام کا میڈل میں نے وصول کیا ہے،تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کا ممنون ہوں کہ اس نے پاکستان کے قیام میں حصہ لینے والے کارکنان اور ان کی اولادوں کو یاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لئے نئی نسل کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button