تازہ ترینخبریںپاکستان

عمران خان کو ہٹانے کے لیے تمام اختلافات بھلانے کے لیے تیار ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ جتنی مضبوط ہوگی حکومت کے لیے خطرہ بڑھے گا، عمران خان کو ہٹانے کے لیے تمام اختلافات بھلانے کے لیے تیار ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو بھگانے کے لیے آئینی اور جمہوری طریقہ احتجاج کے ساتھ عدم اعتماد ہے، پاکستان کو بچانا ہے تو ہمیں عمران کو نکالنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی کے اختلافات کے باوجود ہم بڑا قدم اٹھانے کے لیے اکھٹے ہیں، عمران خان کو ہٹانے کے لیے ہم ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سے ملنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز، بھتیجی مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ رہائش گاہ پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا خیر مقدم کیا۔

استقبال کے وقت سب نے کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا، آصف زرداری اور شہباز شریف نے کہنی کے ساتھ کہنی ملائی جبکہ بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز نے ایک دوسرے کے ساتھ مکے ملائے۔

آصف زرداری نے سینے پر ہاتھ رکھ کر سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو جھک کر سلام کیا۔

ملاقات کے دوران مریم نواز کے سوا سب نے ماسک پہنا ہوا تھا۔

بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی (ن) لیگ کی قیادت سے ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ساتھ مریم اورنگ زیب بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملکی سیاسی صورتِ حال، حکومت مخالف مارچ اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button