اب کوے بھی کچرا چُننے کا کام کریں گے؟
سوئیڈن میں کوے اب صرف کائیں کائیں ہی نہیں بلکہ کچرا چُننے کا کام بھی کریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئیڈن میں صفائی کے شعبے کی ایک کمپنی نے کووّں کو سڑک سے کچرا چُننے اور سگریٹ کے ٹوٹے جمع کرنے کی خصوصی تربیت دی جس کے بعد اب سڑک کی صفائی کے فرائض کوے سرانجام دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑک سے کچرا چُننے اور سگریٹ کے ٹوٹے جمع کرنے کے بدلے میں کووّں کو خوراک دی جاتی ہے، خوراک حاصل کرنے کے بعد کوے مزید دل لگا کر کام کرتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ان کووّں کی مرحلہ وار تربیت کی گئی جس میں انہیں اُس مقام پر لے جایا جاتا تھا جہاں کچرا اور سگریٹ کے ٹوٹے پڑے ہوں، اُس کے بعد انہیں کام سِکھایا جاتا تھا پھر جب کوے اپنا کام کرلیتے تو انہیں بدلے میں خوراک دی جاتی تھی۔
صفائی کے شعبے کی کمپنی نے بتایا کہ کووّں کو اس قدر بہترین تربیت دی گئی ہے کہ وہ رفتہ رفتہ اس کام میں ماہر ہوگئے ہیں۔
اس کے ساتھ کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ تربیت کے دوران، اس بات کا خصوصی خیال رکھا جاتا تھا کہ کوے سگریٹ کے ٹوٹے خوراک سمجھ کر کھائیں نہیں کیونکہ یہ اُن کے جان لیوا ثابت ہوتا۔
دوسری جانب اس حوالے سے سوئیڈن شہر کی بلدیہ کے افسر کا کہنا ہے کہ اگر منظم طریقے سے مناسب تعداد میں کووں کو تربیت دے کر سڑکوں کی صفائی کروائی جائے تو اس سے تقریباََ 75 فیصد بجٹ بچایا جاسکتا ہے۔