وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو مالی اور انتظامی اختیارات سونپ دیے۔
بہاولپور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا ریاست مدینہ کے قیام کی طر ف پہلا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 63 فیصد آبادی قومی صحت کارڈ کے تحت مفت ہیلتھ کوریج سے مستفید ہوگی، جلد فیصل آباد، ملتان اور دیگر اضلاع میں بھی ہیلتھ کارڈ کا اجراء کریں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاول نگر کے ہر شہری کو 100 اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت ہوگی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے 36 اضلاع میں ساڑھے 11 کروڑ افراد کو صحت کارڈ دیا جائے گا، پنجاب میں 23 نئے اسپتال بنارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنا کر پی ٹی آئی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا، جنوبی پنجاب کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو مالی اور انتظامی اختیارات سونپ دیے ہیں۔