تازہ ترینخبریںسپورٹس

پی ایس ایل 7 کے میچز کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب

کراچی میں کل سے شروع ہونے والے پی ایس ایل7 میچز کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے،ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے۔

ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کی جانب سے جاری سیکیورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر 5650 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہونگے، ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کے 500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکار، سندھ رینجرزکے جوان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس(S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔

عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں /شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک لایا جائے گا۔

کرکٹ شائقین کی رہنمائی کے لیے ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یوکمانڈو زپارکنگ پوائنٹس سے انکلوژرتک ان کی رہنمائی کریں گے، نیشنل اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

الف–حکیم سعید گراؤنڈ، یونیورسٹی روڈ نزد بیت المکرم مسجد

ب– – چائنہ گراؤنڈ، متصل نیشنل کوچنگ سینٹر (صرف وی آئی پیز کے لیے)

اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے۔

کرکٹ شائقین کے لیے خصوصی ہدایات:

٭ شائقین پاکستان بھر میں کسی بھی نامزد M&P اسٹورز پر یاcricket.bookme.pk سے میچ کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

٭ شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈاپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔

٭ لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔

٭ 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے COVID- 19 ویکسینیشن لازمی ہے۔

٭ اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔

٭ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔

٭ NCOC کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔

٭ کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکا خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یالکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

٭ کسی بھی بینر/پوسٹر/پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔

٭ کرکٹ شائقین کوگراؤنڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button