سپورٹس

سری لنکا کو پاکستان کیخلاف 323 رنز کی برتری حاصل

گال میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے ہیں اور اُسے پاکستان کیخلاف 323 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں انجیلو میتھوز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان دیموتھ کرونارتنے 27 اور دھننجایا ڈی سلوا 30 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ اس وقت نسیم شاہ نے دو، یاسر شاہ، محمد نواز اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا کو 147 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آغاز پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نروشن ڈیکویلا 51 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔اوشادا فرنینڈو بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 19 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس سے قبل کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ یاسر شاہ اور حسن علی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا ہی تھا کہ جے سوریا نے حسن علی کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد آنے والے نعمان علی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور ایک رن بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گرین شرٹس کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے وہ 26 رنز بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ آغا سلمان 62 اور امام الحق 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رمیش مینڈس نے 5 اور پرباتھ جے سوریا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button