Uncategorized

ٹوکیو اولمپکس 2021 میں شرکت کیلئے 10 کھلاڑی اور 12 افسر جائیں گے

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ٹوکیو اولمپکس 2021 کے لیے پاکستانی دستے کو حتمی شکل دیدی ہے، دستے میں کھلاڑیوں سے زیادہ آفیشلز شامل ہیں، 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز پر مشتمل دستہ کی ٹوکیو روانگی کا سلسلہ 16 جولائی سے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے لیے پاکستان کے 22 رکنی دستے کو حتمی شکل دی گئی ہے جس میں 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز شامل ہیں، ان میں تین خواتین پلیئرز بھی ہیں۔
بریگیڈئیر ظہیر اختر بطور شیف ڈی مشن دستے میں شامل ہیں، جبکہ دستے میں دو کوویڈ لائژن آفیسرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ محمد ناصر اعجاز تونگ کو بطور ایڈمین آفیسر کنٹنجنٹ آفیشلز میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس 6 مختلف کھیلوں کے 9 ایونٹس میں شریک ہوں گے۔
ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم اور نجمہ پروین، بیڈمنٹن میں ماحور شہزاد، جوڈو میں شاہ حسین شاہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ گلفام جوزف، خلیل اختر اور غلام مصطفیٰ بشیر پر مشتمل تین رکنی شوٹنگ ٹیم دو مختلف ایونٹس میں حصہ لے گی۔
اس کے علاوہ بسمہ خان اور حسیب طارق سوئمنگ، طلحہ طالب ویٹ لفٹنگ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
دستے میں شامل جوڈو کے کھلاڑی شاہ حسین شاہ جاپان میں مقیم ہیں وہ براہِ راست اولمپک ولیج جوائن کریں گے۔
دیگر کھلاڑیوں کی روانگی کا سلسلہ 16 جولائی سے شروع ہوگا، بیڈمنٹن، شوٹنگ اور سوئنگ کے پلیئرز 16 جولائی کو، ایتھلیٹکس کے کھلاڑی 22 جولائی کو جبکہ ویٹ لیفٹنگ کے پلیئر اور آفیشل 21 جولائی کو ٹوکیو روانہ ہوں گے۔
حیران کن طور پر دو اسپورٹس فیڈریشنز کے اعلیٰ عہدیداران کو بطور "پلیئر سپورٹ پرسنل” یعنی کوچ یا ٹرینر کے طور پر اپنے متعلقہ کھیل میں نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹوکیو بھیجا جارہا ہے۔
ان میں بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکریٹری واجد علی چوہدری اور ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر حافظ عمران بٹ شامل ہیں۔
دوسری جانب پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود نے شوٹنگ ٹیم، ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو میڈل کی امید قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شوٹرز اور جویلین تھرو کے ارشد ندیم نے براہِ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا اور ان کی تیاریاں کافی اچھی ہیں، ان کے ساتھ ساتھ انوی ٹیشنل پلیس پر جگہ پانے والے طلحہ طالب بھی میڈل حاصل کرسکتے ہیں۔
خالد محمود کے مطابق اولمپکس میں کھلاڑیوں کے ہر روز کوویڈ ٹیسٹ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button