Column

کور کمانڈرز کانفرنس: ملک دشمن عناصر کو نیست و نابود کردینے کا عزم

کور کمانڈرز کانفرنس: ملک دشمن عناصر کو نیست و نابود کردینے کا عزم
دشمن ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہا اور اُسے ہر بار ناکامی کا منہ دیکھنا پڑرہا ہے۔ پہلے پہلگام ڈرامہ رچاکر پاکستان پر الزام لگایا اور جارحیت کی، حملے کیے، منہ توڑ جواب ملا، اس کے 6جنگی جہاز مار گرائے گئے، درجنوں ڈرونز مار گرائے گئے، پاک افواج نے دفاعِ وطن کی ذمے داری انتہائی احسن انداز میں ادا کی۔ معرکہ حق میں پاکستان نے جب وار کیا تو دھاڑنے والا دشمن گھٹنوں پر آگیا۔ اُس کا تمام غرور و تکبر خاک میں مل گیا۔ جنگ بندی کے لیے امریکا کے پیر پڑنے لگا۔ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کروائی۔ پاکستان نے جنگ بندی پر فوری ہامی بھرلی کہ وطن عزیز امن پسند ملک ہے۔ اُس کے بعد سے بھارت میں حکومت، میڈیا اور دیگر مسلسل پاکستان مخالف گولا باریوں میں مصروف ہیں۔ مودی عوام میں اپنی کھوئی ہوئی عزت واپس پانے کے لیے بڑی بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں، وہ معرکہ حق میں اپنے ملک کو ملنے والی تاریخی ناکامی اتنی جلدی کیسے بھول سکتے ہیں؟ بھارت کو جب تمام سازشوں میں اکامی ملی تو پھر اُس کی جانب سے دہشت گردی کی جانے لگی۔ پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔ پاکستان ایک سے زائد مرتبہ اس ضمن میں ڈوزیئر اقوام متحدہ میں جمع کراچکا ہے۔ بھارت کے ٹکڑے پر پلنے والے دہشت گردوں نے خضدار میں اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ 4بچوں سمیت 6افراد شہید جب کہ 50سے زائد زخمی ہوئے۔ گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس میں خضدار حملے کا ذمے دار بھارت کو قرار دیا گیا ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں جب کہ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہیں، خضدار میں سفّاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کا آغاز آپریشن بُنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گرد حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ خضدار میں سفاکانہ کارروائی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں 4معصوم بچے اور 2بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ کور کمانڈرز نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔ فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا جبکہ یہ اعادہ کیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اسٹرٹیجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی موثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا اور آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا، خاص طور پر معرکہ حق کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا گیا۔ فورم نے پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن واریئرز کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے ، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اجاگر کیا، بلکہ قومی بیانیہ کو موثر انداز میں پیش کیا ۔ فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت ، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا جبکہ بھارتی مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔ کور کمانڈرز نے پاکستان کے موثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔ فورم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کور کمانڈرز نے اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ فورم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایتیافتہ دہشتگرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس ملک دشمن عناصر کو نیست و نابود کردینے کا عزم قابل تحسین ہے۔ پاکستان کو دُنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج کا ساتھ میسر ہے۔ ہماری افواج کا ہر جوان و افسر ملک پر مر مٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ پاکستان کو بے پناہ بہادر سپوتوں کا ساتھ حاصل ہے، جن کے ہوتے ہوئے دشمن کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ پاکستان سیکیورٹی سمیت تمام چیلنجز سے احسن طریقے سے عہدہ برآ ہونے کے ساتھ ان شاء اللہ ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہوگا اور یہاں چند ہی سال میں خوش حالی کا دور دورہ ہوگا۔
وزیراعظم کی کسانوں
کیلئے قرض اسکیم کی ہدایت
پاکستان زرعی ملک ہے۔ ملک کی کُل مجموعی قومی آمدن میں یہ شعبہ 22فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ ملک کی ترقی میں کسانوں کی شب و روز کی محنت کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔ وطن عزیز میں پچھلے کافی سال سے کاشت کار مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ اُن کی بدحالی میں اضافے ہی ہوتے رہے۔ وہ ہر سال اچھے مستقبل کے لیے مختلف فصلیں کاشت کرتے رہے، لیکن اُن کی قسمت یاوری نہ کرسکی، بلکہ اور مصائب کی دلدل میں دھنستے چلے گئے۔ موجودہ حکومت کسانوں کا درد اپنے دل میں محسوس کرتی ہے اور اُن کی مشکلات میں کمی کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ اس حوالے سے اس کے اقدامات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف زراعت کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے اصلاحات پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔ زرعی پیداوار بڑھنے سے ملک و قوم کو بے پناہ میسر آسکیں گے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے کاشت کاروں کی زندگی کو سہل بنانے اور اُن کی آسان قرض تک رسائی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کیلئے قرض اسکیم کی ہدایت کردی۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نو ے لاکھ چھوٹے کسانوں کیلئے وزیراعظم ریلیف پیکیج کی تیاری جاری ہے، ذرائع نے کہا ہے بجٹ میں چھوٹے کاشت کاروں کیلئے قرض اسکیم شروع کی جائے گی، ملک کے نوے لاکھ کاشت کاروں کو زرعی قرض دیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کے درمیان خصوصی ملاقات میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم کے خدوخال پر بات چیت ہوئی ہے، اس سلسلے میں چھوٹے کاشت کاروں کیلئے قرضوں کی اسکیم کا پائلٹ پروجیکٹ ستمبر میں لانچ کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، وزیراعظم زرعی پیکیج کے تحت ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم زمین کے حامل کاشت کاروں کو قرض اور فصلوں کی انشورنس فراہم کیے جائیں گے اور کاشت کاروں کو جدید زراعت کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔ نئے بجٹ میں چھوٹے کاشت کاروں کے لیے قرض اسکیم احسن اقدام ہے۔ اس حوالے سے حکومتی کاوشیں لائق تحسین ہے۔

جواب دیں

Back to top button