تازہ ترینخبریںسپورٹسپاکستان

سکندر رضا قومی ذمہ داری کے لیے روانہ

 

لاہور، 19 مئی 2025: لاہور قلندرز کے اسٹار آل راؤنڈر سکندر رضا قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ زمبابوے کی جانب سے ایک تاریخی ٹیسٹ میچ میں شرکت کریں گے۔ یہ میچ ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

یہ ٹیسٹ میچ زمبابوے کا انگلینڈ کی سرزمین پر 2003 کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا، جب کہ 2004 کے بعد پہلی مرتبہ زمبابوے کی ٹیم کسی بھی فارمیٹ میں انگلینڈ میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے جا رہی ہے۔

سکندر رضا نے پاکستان سپر لیگ کے گروپ مرحلے میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 10 میچز میں 232 رنز اسکور کیے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 162.23 رہا۔ دو نصف سنچریوں اور کئی اہم اننگز کے ساتھ وہ قلندرز کی پلے آف مرحلے تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔

لاہور قلندرز کے ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے سکندر رضا کی کارکردگی اور جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
"سکندر صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ ان کا عزم، توانائی اور جذبہ ٹیم کے ہر فرد کے لیے متاثر کن رہا۔ ہم انہیں شدت سے یاد کریں گے، لیکن ہمیں فخر ہے کہ وہ ایک تاریخی موقع پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں۔”

روانگی سے قبل سکندر رضا نے جذباتی انداز میں کہا:
"لاہور قلندرز میرے دل کے بہت قریب ہے، اور الوداع کہنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔ لیکن قومی ذمہ داری سب سے پہلے ہے، اور مجھے اپنے ملک کے لیے ایک بڑا فرض ادا کرنا ہے۔ میں دور بیٹھ کر ہر گیند دیکھوں گا اور اپنی ٹیم کو دل سے سپورٹ کروں گا۔ قلندرز ہمیشہ میرے دل میں رہیں گے۔”

لاہور قلندرز، سکندر رضا اور زمبابوے کی ٹیم کے لیے انگلینڈ میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے سلسلے میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button