تازہ ترینخبریںدنیاسپورٹس

پاکستان اور میانمار کے درمیان ایشین کپ کوالیفائرز کا شیڈول تبدیل، اے ایف سی کی منظوری باقی

*پاکستان اور میانمار کے درمیان ایشین کپ کوالیفائرز کا شیڈول تبدیل، اے ایف سی کی منظوری باقی*

لاہور (محمد اخلاق اسلم)پاکستان اور میانمار نے باہمی مشاورت سے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے ہوم اینڈ اوے میچز کا شیڈول تبدیل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس فیصلے کے حوالے سے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، تاہم نئے شیڈول کی باضابطہ منظوری ابھی اے ایف سی سے حاصل کرنا باقی ہے۔

نئے طے شدہ فارمیٹ کے مطابق پاکستان اب کوالیفائر کا پہلا میچ 10 جون کو میانمار میں کھیلے گا، جبکہ دوسرا اور فیصلہ کن میچ پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کا باضابطہ اعلان اے ایف سی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے آئندہ تاریخی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جو 27 مئی کو ہونے جا رہے ہیں۔ یہ انتخابات پاکستانی فٹبال میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہونے کی توقع ہے۔

معاملے سے قریبی تعلق رکھنے والے حکام کا کہنا ہے کہ نئی فٹبال قیادت کو بین الاقوامی میچ جیسے بڑے ایونٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت اور واضح سمت دینا نہایت ضروری ہے۔ پی ایف ایف کے ایک ذریعے کے مطابق:
"بین الاقوامی میچز ایک دن کے معاملات نہیں ہوتے۔ ان کے لیے مہینوں پہلے سے باریک بینی سے منصوبہ بندی، ہم آہنگی، اور شفاف ٹائم لائنز درکار ہوتی ہیں۔ یہ تمام تقاضے غیر یقینی کی صورتحال میں پورے کرنا ممکن نہیں ہوتا۔”

شیڈول میں اس تبدیلی کو ایک حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے تاکہ جب نئی قیادت فیڈریشن کا کنٹرول سنبھالے تو میزبانی کے تمام انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ہوں اور ایونٹ کی شفافیت اور وقار برقرار رہے۔

ذرائع کے مطابق یہ کوالیفائر میچ پاکستان کے لیے نہ صرف اے ایف سی کوالیفائنگ مرحلے میں پیش قدمی کا اہم موقع ہے بلکہ یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ایک جمہوری طور پر منتخب شدہ نئی فٹبال قیادت کے تحت ملک میں بین الاقوامی فٹبال کی میزبانی کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button