
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اپنا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہاکی کے نام کیا، جس کا مقصد اس عظیم کھیل اور اس کے ہیروز کی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر لاہور قلندرز نے عالمی شہرت یافتہ ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورس جان بوویلینڈر اور اولمپیئن خواجہ جنید کو خوش آمدید کہا۔ خواجہ جنید پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ رہ چکے ہیں اور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
فلورس جان بوویلینڈر، جنہیں عالمی سطح پر ہاکی کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے لیے جانا جاتا ہے، کو لاہور قلندرز کے انتظامیہ کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا۔ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انہیں لاہور قلندرز کی آفیشل شرٹ پیش کی۔ اس موقع پر انہیں پاکستان میں پی ایس ایل کے مثبت اثرات اور خصوصاً نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے متحرک کرنے اور بااختیار بنانے کے عمل سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے اس موقع پر کہا:
"مجھے ہاکی سے ہمیشہ گہرا لگاؤ رہا ہے — یہ ہمارا قومی کھیل ہے اور ہماری شناخت کا فخر ہے۔ پی ایس ایل کا ایک میچ ہاکی کے نام کرنا اس کھیل میں دوبارہ دلچسپی پیدا کرنے اور ہاکی کمیونٹی کے ساتھ اپنی یکجہتی کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ فلورس جان بوویلینڈر کی میزبانی ہماری اس سوچ کی علامت ہے کہ کھیل سرحدوں سے بالاتر ہوکر نسلوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔”
قلندرز کی جانب سے ہاکی کو خراج تحسین پیش کرنا ایک ایسا پیغام ہے جو پاکستان میں ہاکی کے احیاء کے لیے مکالمے اور کرکٹ و ہاکی کی برادریوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیتا ہے۔
یہ انوکھا لمحہ لاہور قلندرز کے اس مشن کا تسلسل ہے، جس کا مقصد نہ صرف کرکٹ بلکہ تمام کھیلوں کو فروغ دینا، اور ملکی وقار، یکجہتی، اور اعلیٰ کارکردگی کی ثقافت کو عام کرنا ہے۔