حر جماعت ملکی دفاع، سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہے، پیر پگارا

حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اپنی پوری حر جماعت کو حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور اس کے استحکام کے لیے ہمہ وقت افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں۔
اپنے ایک بیان میں پیر صاحب پگارا نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع ہمارے لیے ہر چیز پر مقدم ہے، کسی بھی نازک موقع پر پوری قوم اور حر جماعت اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔
پیر پگارا نے کہا کہ اختلافی سیاسی معاملات کو ہم بعد میں دیکھ لیں گے، یہ وقت سیاست کا نہیں پاکستان کے تحفظ اور دفاع کے بارے میں سوچنے کا ہے۔
پیر پگارا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف متعدد اقدامات کیے ہیں، اور تمام پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس حملے کا واضح اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پہلگام واقعے میں بھارت خود ملوث ہے، یہ اس کی سازش ہے، بھارتی اقدام کے خلاف حکومت کو بھر پور جواب دینا چاہیے۔